اسلام آباد : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات عالمی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ ان تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا ہے تاکہ دنیا کو ایک پرامن اور مستحکم مستقبل کی جانب لے جایا جا سکے۔
اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ امن، استحکام اور ترقی آپس میں گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں، اور ان مقاصد کے حصول میں پارلیمانی سفارت کاری کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت عدم استحکام، بحرانوں اور جنگوں جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے عالمی پارلیمانی لیڈرشپ کے درمیان رابطوں اور تعاون کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
وزیر خارجہ نے ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے، حالانکہ عالمی آلودگی میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ماحولیاتی انصاف کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ آواز بلند کرنا ہوگی۔
اسحاق ڈار نے عالمی اقتصادی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ترقی پذیر ممالک کو بھی مساوی مواقع میسر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں عدم توازن نے معاشی ناہمواری کو بڑھا دیا ہے، جس کے منفی اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔
کانفرنس کے شرکاء نے اس موقع پر بین الاقوامی تعاون کے فروغ، ماحولیاتی انصاف اور پارلیمانی روابط کی اہمیت پر زور دیا، اور پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔