لاہور: یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کو جوئے کی ایپ کی تشہیر کے کیس میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ضلع کچہری میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 دن کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کی۔ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی، تاہم عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد یہ استدعا رد کر دی۔
یاد رہے کہ ڈکی بھائی پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے جوئے کی غیر قانونی ایپ کی تشہیر اور عوام کو اس میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔ سائبر کرائم وِنگ نے اسی الزام کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔