Get Alerts

سپریم کورٹ کے 4 ججز کا چیف جسٹس کو خط، رولز کی بذریعہ سرکولیشن منظوری پر تحفظات، فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے انکار

سپریم کورٹ کے 4 ججز کا چیف جسٹس کو خط، رولز کی بذریعہ سرکولیشن منظوری پر تحفظات، فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے انکار

اسلام آباد : سپریم کورٹ کے چار ججز نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر سپریم کورٹ رولز 2025 کی بذریعہ سرکولیشن منظوری پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔

چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عائشہ ملک نے کہا ہے کہ 3 ستمبر 2025 کو فل کورٹ اجلاس کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا جو سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم پر غور کے لیے تھا، لیکن ان ججز کے مطابق اس اجلاس پر ان کے تحفظات وہی ہیں جو پہلے بھی کئی بار بیان کیے جا چکے ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ رولز 2025 کو فل کورٹ اجلاس میں پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی منظوری لی گئی، جبکہ آئین کے آرٹیکل 191 کے تحت سپریم کورٹ کو اپنے رولز مرتب کرنے کا اختیار حاصل ہے اور یہ اختیار بطور ادارہ استعمال کیا جاتا ہے۔

چاروں ججز نے موقف اپنایا کہ فل کورٹ کی جانب سے غور و فکر اور منظوری کے بغیر یہ رولز قانونی حیثیت نہیں رکھ سکتے۔