Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف سے نئے اطالوی سفیر کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے نئے اطالوی سفیر کی ملاقات

پاکستان اور اٹلی کے تعلقات مزید مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات نئے اطالوی سفیر یوگو سیارلاتانی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اٹلی کے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیراعظم نے نئے اطالوی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور اٹلی کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات قائم ہیں۔

 وزیراعظم نے اطالوی ہم منصب جارجیا میلونی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے طویل عرصے تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

 اطالوی سفیر یوگو سیارلاتانی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور اٹلی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں حکومت پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

 وزیراعظم نے کہا کہ زراعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، صنعت، ٹیکسٹائل اور عوامی سطح پر روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

ٹیگز: