اسلام آباد: ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت شوگر سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں چینی کے ذخائر، دستیابی اور آئندہ کرشنگ سیزن تک ملکی طلب پوری کرنے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں، جبکہ موجودہ ذخائر اور متوقع پیداوار سے آئندہ کرشنگ سیزن تک ملکی ضرورت پوری ہونے کی توقع ہے۔
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے چینی کی مسلسل دستیابی اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے فوڈ سیکیورٹی یقینی بنانے اور عوام کو ضروری اشیاء مناسب نرخوں پر فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ اسحاق ڈار نے چینی کے ذخائر اور مارکیٹ میں قیمتوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کے حکام نے شرکت کی اور ملک میں چینی کے ذخائر اور دستیابی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔