پنجابی پرچار کے زیر اہتمام 3 روزہ پنجاب فیسٹیول اختتام پذیر

پنجابی پرچار کے زیر اہتمام 3 روزہ پنجاب فیسٹیول اختتام پذیر

لاہور: پنجابی پرچار کے زیراہتمام 3روزہ پنجاب فیسٹیول گزشتہ روز ختم ہو گیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر چوہدری سرور نے کہا کہ اس طرح کے کلچرل فیسٹیولز کا انعقاد پنجاب بھر میں ہونا چاہیے تاکہ پنجاب کی دم توڑتی روایات اور ثقافت کو بچایا جا سکے۔ پی ٹی آئی کے رہنماء نے کہا کہ پنجابی زبان کو ختم کرنے کے لیے جو کھیل کھیلے جا رہے ہیں اس کے بہت بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجابی زبان کو محفوظ بنانے کے لیے اس کا نفاذ پرائمری سطح پر کیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے پنجابی پرچار کی ٹیم کو کامیاب فیسٹیول منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور وعدہ کیا کہ اگر اگلی حکومت پی ٹی آئی کی بنی تو وہ پنجابی زبان کو لازمی قرار دلوانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

 پنجابی ثقافت اور زبان کی ترویج کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔ فوک پنجاب ایوارڈ عارف لوہار، پنجاب مان ایوارڈ بابا نجمی، راشد محمود اور پروین ملک، کلچرل ایوارڈ ڈاکٹر صغریٰ صدف، پنجابی شاعری ایوارڈ انجم قریشی اور صابر علی صابر، پنجاب ادبی ایوارڈ ڈاکٹر کرامت مغل اور ملک مہر علی، پنجاب سیوک ایوارڈ فریاد اقبال اور خلیل اوجلہ اور گرین پنجاب ایوارڈ خضر ولی چشتی کو دیا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں