Get Alerts

عالمی منڈی میں خام تیل 98 ڈالر کا ہو گیا؛ بھارتی سٹاک مارکیٹ کریش، پاکستان میں تیزی کا نیا ریکارڈ

عالمی منڈی میں خام تیل 98 ڈالر کا ہو گیا؛ بھارتی سٹاک مارکیٹ کریش، پاکستان میں تیزی کا نیا ریکارڈ

کراچی / نیویارک :عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اچانک 3 فیصد اضافے نے عالمی سٹاک مارکیٹوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ جہاں بڑی ایشیائی معیشتیں اس اضافے کے باعث دباؤ کا شکار ہیں، وہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے اپنی تاریخی اڑان برقرار رکھتے ہوئے ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل (WTI) اور برینٹ کروڈ کی قیمتوں میں نمایا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد دونوں 98 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں یہ تیزی عالمی رسد (Supply) میں ممکنہ رکاوٹوں اور جغرافیائی صورتحال کے باعث آئی ہے، جس سے درآمدی ممالک کے لیے معاشی چیلنجز بڑھنے کا خدشہ ہے۔
تیل مہنگا ہوتے ہی ایشیا کی بڑی مارکیٹوں میں مندی کا رجحان دیکھا گیا۔ بھارتی سٹاک مارکیٹ کو شدید دھچکا لگا اور انڈیکس ڈیڑھ فیصد سے زائد گر گیا۔ کورین کاسپی (KOSPI) انڈیکس میں 1.61 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جاپان کے 'نکئی' اور ہانگ کانگ کے 'ہینگ سینگ' انڈیکس میں بھی 0.53 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔
عالمی مندی کے برعکس، پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں سرمایہ کاروں کا غیر معمولی اعتماد دیکھا جا رہا ہے۔ 100 انڈیکس میں زبردست تیزی کے بعد مارکیٹ ایک لاکھ 66 ہزار 518 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملکی معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے بھروسے نے پی ایس ایکس کو دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹوں میں شامل کر دیا ہے۔

ٹیگز: