قلات: بلوچستان کے ضلع قلات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو گئے اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی زمین کی سطح سے تقریباً 11 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز قلات سے تقریباً 50 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ جھٹکے اچانک محسوس ہوئے، جس سے گھروں کی دیواریں اور کھڑکیاں لرز اٹھیں۔ کئی علاقوں میں لوگ خوف کے باعث کھلے مقامات پر جمع ہو گئے اور کافی دیر تک صورتحال معمول پر آنے کا انتظار کرتے رہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ٹیمیں تیار ہیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری خوف و ہراس سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔