Get Alerts

نئے جیمز بانڈ کی تلاش آخری مرحلے میں داخل، نوجوان اداکاروں کے آڈیشنز جاری

نئے جیمز بانڈ کی تلاش آخری مرحلے میں داخل، نوجوان اداکاروں کے آڈیشنز جاری

لندن: عالمی شہرت یافتہ جیمز بانڈ فرنچائز کے اگلے ایجنٹ 007 کے انتخاب کا معاملہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور نئے بانڈ کے نام کا اعلان رواں سال کے اختتام سے قبل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جیمز بانڈ کا کردار کون سا اداکار نبھائے گا، یہ سوال گزشتہ کئی سالوں سے فلمی شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ تاہم اب ایمیزون ایم جی ایم کی جانب سے نئے اداکار کی تلاش فیصلہ کن مرحلے میں پہنچتی دکھائی دے رہی ہے۔

فلم کی پروڈیوسر ایمی پاسکل نے ’ڈیڈ لائن‘ سے گفتگو میں بتایا کہ نئے جیمز بانڈ کے انتخاب کا اعلان 2026 ختم ہونے سے پہلے متوقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق رواں ماہ مزید اداکار آڈیشن کے عمل سے گزریں گے، جبکہ فلم کے ہدایتکار ڈینس ویلینیو بھی بعض ممکنہ امیدواروں سے براہِ راست رابطے میں ہیں۔پروڈیوسر ایمی پاسکل کا کہنا ہے کہ ڈینیئل کریگ کے بعد جیمز بانڈ جیسے مشہور کردار کو نئے اداکار کے ذریعے پیش کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ ان کے مطابق نئے 007 میں ایسی خصوصیات ہونی چاہئیں جو کردار کو ایک نیا اور منفرد انداز دیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مرتبہ کاسٹنگ ٹیم کی توجہ نسبتاً کم معروف برطانوی اور آئرش اداکاروں پر ہے۔ ممکنہ امیدواروں کی عمر 20 سے 30 برس کے درمیان ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اگلی جیمز بانڈ فلم کو فرنچائز کا مکمل ری بوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس نئی کہانی کا ڈینیئل کریگ کے دور میں بننے والی بانڈ فلموں کے واقعات سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق نئی فلم کی پروڈکشن کا آغاز 2027 میں کیے جانے کی توقع ہے، جس کے بعد شائقین کو ایک نئے اداکار کے ساتھ 007 کی دنیا ایک نئے انداز میں دیکھنے کو ملے گی۔

ٹیگز: