Get Alerts

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج انسداد بدعنوانی کا دن منایا جا رہا ہے

 پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج انسداد بدعنوانی کا دن منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج انسداد بدعنوانی کا دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے عوام میں آگاہی بڑھانا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد یہ ہے کہ معاشروں میں بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کیا جائے اور یہ پیغام دیا جائے کہ بغیر بلاتفریق احتساب کے کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔

انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کا آغاز 9 دسمبر 2004ء کو میکسیکو میں ہوا تھا، اور اس دن کا مقصد دنیا بھر میں کرپشن کے خاتمے کے لیے اجتماعی عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ اقوام متحدہ نے 2025 کے لیے اس دن کا موضوع ’’اچھے کل کے لیے بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ متحد ہونا‘‘ رکھا ہے، جس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔

کرپشن ایک ایسا ناسور ہے جو کسی بھی معاشرے کی بنیادوں کو کمزور کر دیتا ہے۔ جب تک ہم بدعنوانی کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں اٹھاتے، ترقی، انصاف اور عوام کا اعتماد قائم نہیں ہو سکتا۔ بدعنوانی کے بڑھتے ہوئے اثرات میں ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اب لوگ اس عمل کو شرمندگی کی بات نہیں سمجھتے بلکہ اس پر فخر کرتے ہیں۔ رشوت کو حق اور ملاوٹ کو کاروبار سمجھا جانے لگا ہے، جس سے معاشرتی نظام میں گراوٹ آ رہی ہے۔

پاکستان میں کرپشن کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ دیانت، خدمت اور شفافیت کے اصولوں کو اپنایا جائے۔ اگر ہم ان اصولوں کو اپنا لیں تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، عوام میں بڑھتی ہوئی مایوسی اور ناامیدی کو ختم کرنا ہوگا تاکہ قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنایا جا سکے۔

ٹیگز: