اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے فلسطین کے عوام کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق، 100 ٹن سامان پر مشتمل یہ امدادی کھیپ، جو کہ 28ویں کھیپ ہے، الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بھیجی گئی ہے۔ اس امدادی سامان میں خیمے شامل ہیں، جو خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کیے گئے ہیں۔
اب تک 28 امدادی کھیپوں کے ذریعے فلسطین کے لیے بھیجے گئے سامان کا مجموعی وزن 2727 ٹن ہو چکا ہے۔ سامان کی روانگی کی تقریب میں وزیرِ ہاؤسنگ پنجاب، میاں بلال یاسین، مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ کے افسران، حکومتی نمائندگان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ارکان بھی موجود تھے۔
پاکستانی حکومت اور عوام اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔