Get Alerts

فتنہ خوارج کا نظریہ مسترد، علماء دہشت گردی کے خلاف ریاست کے ساتھ ہیں: وفاقی وزیر سردار محمد یوسف

فتنہ خوارج کا نظریہ مسترد، علماء دہشت گردی کے خلاف ریاست کے ساتھ ہیں: وفاقی وزیر سردار محمد یوسف

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت علماء و مشائخ کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف متفقہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔اجلاس میں اسلام آباد خودکش حملے کو غیر انسانی اور غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے اس کی پرزور مذمت کی گئی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔
سردار محمد یوسف اور جید علمائے کرام نے فتنہ خوارج کی گمراہ کن سوچ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ مذہبِ اسلام بے گناہ انسانی خون بہانے کی اجازت نہیں دیتا۔
 وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء اور مشائخ دہشت گردی کی اس لہر کے خلاف افواجِ پاکستان اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ شرکاء نے ملک میں امن و امان کے قیام، اتحادِ امت اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دشمن کی تقسیم کرنے والی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
سردار محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء کا اتحاد دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردوں کے بیانیے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے منبر و محراب کا کردار کلیدی ہے۔

ٹیگز: