Get Alerts

ریاض ورلڈ ڈیفنس شو: پاکستان کا عالمی دفاعی میدان میں دھماکہ، 'سمیش' ہائپرسونک میزائل متعارف

ریاض ورلڈ ڈیفنس شو: پاکستان کا عالمی دفاعی میدان میں دھماکہ، 'سمیش' ہائپرسونک میزائل متعارف

ریاض : سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری 'ورلڈ ڈیفنس شو 2026' میں پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔ پاکستانی ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (GIDS) نے جدید ترین ’اسمیش‘ (SMASH) ہائپرسونک اینٹی شپ بیلسٹک میزائل نمائش کے لیے پیش کر دیا ہے، جو دشمن کے دفاعی نظام کو پلک جھپکتے میں ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
'سمیش' میزائل کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ تقریباً عمودی زاویے سے ہدف پر گرتا ہے، جس کے باعث جدید ترین ریڈار اور فضائی دفاعی نظام (Anti-Missile Systems) اسے روکنے میں ناکام ہو جاتے ہیں۔ اس کی رفتار آواز کی رفتار سے کئی گنا زیادہ ہے، جو اسے ایک ہائپرسونک ہتھیار بناتی ہے۔یہ میزائل سمندر میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ زمینی اہداف کو تباہ کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سمندری اہداف کے لیے اس کی رینج 290 کلومیٹر ہے اور اس میں 384 کلوگرام وزنی وارہیڈ نصب ہے۔
 زمینی اہداف کے لیے اس کی مار کرنے کی صلاحیت 290 کلومیٹر ہی رکھی گئی ہے، تاہم وارہیڈ کا وزن بڑھا کر 444 کلوگرام کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس میزائل کی نشانہ بازی کی درستگی 10 میٹر یا اس سے بھی کم ہے، جو اسے انتہائی مہلک بناتی ہے۔
اس میزائل میں ایچ ڈی جی این ایس (HD GNSS) اسسٹڈ انرشیل نیویگیشن سسٹم اور ایکٹو ریڈار سِیکر استعمال کیا گیا ہے تاکہ متحرک اہداف کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا جا سکے۔ اس میں سنگل اسٹیج ڈوئل تھرسٹ سالڈ راکٹ موٹر نصب ہے جو اسے ٹرمینل فیز میں آواز کی رفتار سے دو گنا زیادہ رفتار فراہم کرتی ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ 'سمیش' میزائل کی عالمی نمائش پاکستان کی دفاعی صنعت کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی اور اس سے پاکستان کی برآمدات میں بڑے اضافے کی توقع ہے۔

ٹیگز: