وزیر اعظم نے آرمی چیف کے قتل سے متعلق مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا: مریم اورنگزیب

وزیر اعظم نے آرمی چیف کے قتل سے متعلق مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا: مریم اورنگزیب
سورس: File

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک خاص گروہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلا رہا ہے۔پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں تمام اداروں کو تباہ کیا۔ 

ریڈیو پاکستان کے مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مثبت ذرائع ابلاغ کی ضرورت ہے۔ 4 سال ملک میں نفرت کے بیج بوئے گئے۔ پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں نے ریڈیوپاکستان پر 3 روز حملہ کیا۔ سکیورٹی گارڈز کو حملے میں لاٹھیوں سے مارا۔

انہوں نے کہا کہ ایک خاص گروہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلا رہا ہے۔  وزیراعظم شہبازشریف نے لیپ ٹاپ تقسیم کیے، اس کا مقصد ہے کہ بچوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہو نہ کہ پیٹرول بم۔ آئندہ وقت پاکستان کو جوڑنے کا وقت ہے۔ سیاسی جماعتوں کو ایک لڑی میں پرو دیا ہے۔ 

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ذریعے سی پیک آیا تو سب سے بڑا حصہ روڈ نیٹ ورک ، ون بیلٹ ون روڈ اور کلچر و ثقافت اہم تھا ۔ آنے والے وقت میں پرائیویٹ سیکٹر اپنا حصہ ڈالے، نوجوانوں کی تربیت کرے، حکومت پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ائرپورٹس دنیا بھر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے چلتے ہیں۔ ہیتھرو ائرپورٹ بھی آؤٹ سورس ہے ۔ کوئی چیز پاکستان کی فروخت نہیں ہو رہی ۔  حکومت کی مدت آئینی وقت پر پوری ہوگی۔ نوازشریف سے سیاسی انتقام لیاگیا عدلیہ کو خود فیصلہ کرنا چاہیے۔ نوازشریف جلد واپس آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف کے قتل سے متعلق سوشل میڈیا مہم کی شدید مذمت کرتی ہوں، ایسی مہم سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایسے عناصر سے نمٹا جائے جو آرمی چیف کے خلاف مہم میں شامل ہیں۔

مصنف کے بارے میں