اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی نے ملاقات کی، جس میں ملک میں ٹینس کے فروغ اور موجودہ مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعصام الحق نے ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی کو اسلام آباد میں ٹینس کورٹس کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں تاکہ ان مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے۔
محسن نقوی نے ٹینس کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ جیسے کرکٹ میں پاکستانی کھلاڑی دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، ویسے ہی ٹینس میں بھی نوجوانوں کے پاس بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے سامنے لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں نئے ٹینس کورٹس کی تعمیر کی جائے گی تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اعصام الحق قریشی نے چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کا تعاون پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے کامیاب انعقاد پر بھی محسن نقوی کو مبارکباد دی اور ملک میں کرکٹ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔