Get Alerts

اے این پی کو بڑا سیاسی دھچکا، ثمر بلور مسلم لیگ (ن) میں شامل

اے این پی کو بڑا سیاسی دھچکا، ثمر بلور مسلم لیگ (ن) میں شامل

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو ایک بڑا سیاسی دھچکا اُس وقت لگا جب بلور خاندان کی اہم سیاسی شخصیت، ثمر بلور، نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔ ثمر بلور نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ن لیگ کا باقاعدہ حصہ بننے کا اعلان کردیا ہے۔

ثمر بلور، جو شہید ہارون بلور کی بیوہ اور بشیر احمد بلور کی بہو ہیں، 2018 کے ضمنی انتخاب میں اے این پی کے ٹکٹ پر خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی تھیں اور 2023 تک خدمات انجام دیتی رہیں۔ ن لیگ کی جانب سے انہیں اب مخصوص نشست پر دوبارہ ایم پی اے بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

یہ پیش رفت نہ صرف اے این پی کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے بلکہ خیبرپختونخوا کی سیاست میں بھی ایک اہم تبدیلی کا اشارہ دے رہی ہے، خصوصاً اس لیے کہ بلور خاندان کو صوبے کی سیاست میں قربانی، جدوجہد اور مستقل مزاجی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ بلور خاندان کو دہشتگردی کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔ 10 جولائی 2018 کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں انتخابی مہم کے دوران بم دھماکے میں ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔ اس سے پہلے 2012 میں بشیر بلور بھی ایک خودکش حملے میں شہید ہو چکے تھے۔

ٹیگز: