لاہور : پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں رجسٹریشن سے باہر ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کو باقاعدہ رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ منظوری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی۔
اجلاس میں مریم نواز نے واضح طور پر کہا کہ عوام پر نئے ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، بلکہ ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے ٹیکس چوری کرنے والوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ صرف رجسٹریشن کروانے والوں پر کارروائی اور اصل چوروں کو چھوڑ دینا قابلِ قبول نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم عام آدمی پر مالی دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کئی افراد کروڑوں روپے کماتے ہیں مگر ٹیکس نہیں دیتے، جبکہ عام ملازمین تنخواہ سے ٹیکس کٹواتے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ ریونیو بڑھانے کے لیے نئے ذرائع تلاش کریں، خاص طور پر پنجاب ریونیو اتھارٹی، مائنز اینڈ منرلز اور دیگر ادارے۔