لاہور:پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی سیلز ٹیکس ادائیگی اور رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
پی آر اے کے چیئرمین معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر کمشنر لاہور پنجاب ریونیو اتھارٹی محمد آصف نے ان ٹیموں کو ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپا ہے۔
ترجمان پی آر اے کے مطابق، تمام سروسز کو ٹیکس نیٹ میں لانے، سیلز ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنانے، رجسٹریشن کی درجہ بندی بہتر بنانے اور الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب و چیکنگ کے لیے یہ ٹیمیں فعال ہوں گی۔
تمام متعلقہ اداروں کو پی آر اے میں رجسٹریشن کے لیے 15 ستمبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔ جو ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز ٹیکس کی ادائیگی اور رجسٹریشن نہیں کروائیں گے، انہیں ایڈوانس کمپلسری رجسٹریشن نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
وقت کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں رجسٹریشن منسوخی، الیکٹرانک سسٹم سے نکالنا اور جرمانہ سمیت سیلنگ بھی شامل ہے۔