اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی 75 ویں سالگرہ دونوں ممالک کے درمیان بے مثال اعتماد کی عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین مضبوط اور گہرے تعلقات وقت کے ہر امتحان اور ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور پاکستانی قیادت چین کے ساتھ ان روابط کو مزید مستحکم کرنے پر کامل یقین رکھتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور برادرانہ دوستی کو نئی بلندیوں تک لے گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کی نہ صرف جغرافیائی سرحدیں آپس میں ملتی ہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے دل بھی ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ان کے درمیان گہرے روابط موجود ہیں۔ سی پیک (CPEC) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ چینی صدر شی جن پنگ کے 'ایک خطہ، ایک سڑک' (بیلٹ اینڈ روڈ) اقدام کا ایک انتہائی اہم اور بنیادی جزو ہے۔