Get Alerts

 بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں

 بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں

راولپنڈی : بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نےفیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عسکری تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
جی ایچ کیو آمد سے قبل بحرینی کمانڈر نے نیول ہیڈکوارٹرز اور ایئر ہیڈکوارٹرز کے الگ الگ دورے بھی کیے۔ نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی بحری سیکیورٹی کے امور زیر بحث آئے۔ بحرینی کمانڈر نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے علاقائی استحکام کا اہم ضامن قرار دیا۔

بعد ازاں، ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کی جدید کاری، صلاحیتوں میں اضافے، مقامی سطح پر دفاعی پیداوار اور جدید تربیتی اصلاحات پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ڈرونز، مصنوعی ذہانت (AI)، خودکار دفاعی نظام، ڈیجیٹل جدت اور فضائی دفاع سے متعلق ابھرتے ہوئے چیلنجز پر بھی گہری گفتگو ہوئی۔ عسکری حلقوں کے مطابق بحرینی کمانڈر کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے سیکیورٹی تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا۔

ٹیگز: