اسلام آباد: : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کے روز صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام علی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں پاکستانی شہریوں کی رہائی سے متعلق جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جو بحری جہاز MT Honour 25 پر یرغمال ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اپریل میں صومالی ساحل کے قریب جہاز کے اغوا کے بعد سے مسلسل صومالی حکام سے رابطے میں ہے۔
گفتگو کے دوران نائب وزیراعظم نے صورتحال پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یرغمالیوں کی حفاظت، جلد رہائی اور محفوظ واپسی کی اہمیت پر زور دیا۔
صومالی وزیر خارجہ نے اپنے ملک کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
دونوں رہنماؤں نے معاملے کے حل تک قریبی رابطے اور مسلسل رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا، جبکہ صومالی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔