چیئرمین سینٹ الیکشن سے قبل پیپلزپارٹی کا ایم کیو ایم سے رابطہ ،اندرونی کہانی سامنے آگئی

Senate Election 2021, PPP and MQM Meeting

کراچی :سینٹ الیکشن کے بعد چیئرمین سینٹ الیکشن کیلئے میدان سج گیا ،حکومتی عہدیداروں کی طرف سے جہاں ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے عبد الغفور حیدری کو بڑی پیشکش کی گئی وہیں اپوزیشن اتحاد کی طرف سے ایسی کسی قسم کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے ہمارے امیدوار کا اعلان پی ڈی ایم کے پلیٹ فورم سے ہی ہوگا لیکن اب تازہ ترین خبر کے مطابق چیئرمین سینٹ الیکشن کیلئے جوڑ توڑ اس وقت عروج پر ہے جہاں حکومتی اتحادی پارٹی ایم کیو ایم کی پیپلزپارٹی کے وفد سے اہم ترین ملاقات ہوئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق رہنما ایم کیو ایم پاکستان عامر خان نے پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کراچی کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، کراچی کو پینے کے صاف پانی کا بھی مسئلہ ہے،انہوں نے کہا کراچی سمیت سندھ کے مسائل سے متعلق صوبائی حکومت سے بات ہوئی ہے،عوام کو درپیش مسائل کو مل بیٹھ کر ہی حل کیا جاسکتاہے،ایم کیوایم نے کبھی دباؤ قبول نہیں کیا،عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر پارٹی سے بات چیت کیلئے تیار ہیں ،سندھ حکومت کے وزرا نے بھی مسائل کے حل کی بات کی ہے۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان عامر خان کا مزید کہنا تھا کوئی بات سیاست میں حتمی نہیں ہوتی،پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا الگ معاملہ ہے اور پیپلز پارٹی سے الگ ہے،دوسری طرف پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا ایم کیو ایم رہنماؤں کے ساتھ مختلف معاملات پر بات چیت کیلئے آئے تھے،ایم کیو ایم کی سینیٹر کامیاب ہونے پر انہیں مبارکباد دی ہے،وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین نے اہم خبر دیتے ہوئے کہا ایم کیو ایم سے چیئرمین سینیٹ کیلئے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کیلئے بات کی ہے ،کچھ ایسے مسائل ہیں جو حل طلب ہیں ان پر پیش رفت کیلئے بات چیت کی ہے۔

وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا سیاسی طور پر دروازے سب کیلئے کھلے ہوتے ہیں،یہی جمہوریت کا حسن ہے،سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کو پہلے سپورٹ نہیں کیا گیا،چیئرمین سینیٹ کےانتخاب کے معاملے میں ان سے بات چیت کرنے آئے ہیں،واضح رہے اگر حکومتی اتحادی پارٹی کے ہی ووٹ یوسف رضاگیلانی کو مل جائیں تو ایک دفعہ پھر چیئرمین سینٹ الیکشن میں بڑا اپ سیٹ ہو سکتا ہے ،ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا مثبت چیزیں ہوں گی تو مثبت انداز سے آگے بڑھیں گے۔