اسلام آباد / کراچی :پاک بحریہ نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور سمندری خطرات کے پیش نظر ایک خصوصی آپریشن ’محافظ البحر‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس آپریشن کا بنیادی مقصد قومی جہاز رانی، بین الاقوامی سمندری تجارت اور توانائی کی ترسیل کے راستوں کو محفوظ بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر (ISPR) کے مطابق، اس آپریشن کے تحت درج ذیل ترجیحات مقرر کی گئی ہیں۔پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کے جہازوں اور دیگر تجارتی بحری جہازوں کو درپیش ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنا۔ ملک میں ایندھن اور توانائی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے سمندری راستوں کی حفاظت یقینی بنانا۔ تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ اور حفاظتی حصار (Escort) فراہم کرنا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، بحریہ کے دستے اس وقت بھی سمندر میں سرگرم عمل ہیں اور دو تجارتی جہازوں کو سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔ ان میں سے ایک جہاز آج کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے والا ہے۔ یہ آپریشن پی این ایس سی (PNSC) کے ساتھ قریبی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ جاری ہے۔
اکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندر کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے اہم سمندری راستوں کو محفوظ اور بلا تعطل رکھنا ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے۔پاک بحریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے سمندری چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ’آپریشن محافظ البحر‘ نہ صرف قومی جہاز رانی بلکہ علاقائی سمندری سکیورٹی کے استحکام کے لیے بھی ایک کلیدی قدم ثابت ہوگا۔