ججز مخالف سوشل میڈیا مہم: توہین عدالت کی کارروائی کا کیس سماعت کے لیے مقرر

ججز مخالف سوشل میڈیا مہم: توہین عدالت کی کارروائی کا کیس سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے دونوں لارجر بینچز 14مئی کو توہین عدالت کارروائی کے لیے کیسز کی سماعت کریں گے۔

جسٹس محسن اخترمعاملے کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کرے گا جس میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر   شامل ہوں گے۔

 
جبکہ جسٹس بابر ستار کے خط پر جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری ، سردار اعجاز اسحاق  سماعت کریں گے

واضح رہے کہ 9 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے دو لارجر بینچ تشکیل دے دیے تھے۔

  

7 مئی کو ججز کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے جسٹس محسن اختر کیانی کی جانب سے لکھا گیا خط سامنے آگیا تھا۔جسٹس محسن اختر کیانی نے خط میں لکھا تھا کہ بدنیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔

6 مئی کو جسٹس بابر ستار نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو بھی ایسا ہی ایک خط لکھا تھا، جس میں انہیں نشانہ بنانے والی سوشل میڈیا مہم کے بارے میں بتایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 28 اپریل کو جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعلامیہ جاری کیا تھا۔

اعلامیے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ، بچوں کی امریکی شہریت، امریکی جائیدادوں اور فیملی بزنس پر وضاحت دی تھی۔

مصنف کے بارے میں