راولپنڈی: بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ اور جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے کئی اہم فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج نے حاجی پیر سیکٹر اور پانڈو سیکٹر میں اشتعال انگیز کارروائیاں کیں، جس پر پاک فوج نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر نانگا ٹک سمیت متعدد چیک پوسٹوں کو شدید نقصان پہنچایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی جھنڈا زیارت پوسٹ کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جس سے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ پاک فوج کی جانب سے کی گئی گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں دشمن کے کئی مورچے خاموش ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال کارروائیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں، تاہم پاکستان کی مسلح افواج پوری تیاری کے ساتھ ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایل او سی پر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس پر عالمی برادری کی توجہ بھی مرکوز ہو رہی ہے۔