اسلام آباد: آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ آج پاکستان کے لیے 2.3 ارب ڈالر کے مالی پیکیج کی منظوری پر غور کرے گا۔ ذرائع کے مطابق اس رقم میں سے ایک ارب ڈالر ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلیٹی (EFF) اور 1.3 ارب ڈالر ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلیٹی (RSF) کے تحت دیے جائیں گے۔
منظوری کی صورت میں ایک ارب ڈالر کی قسط فوری جاری کر دی جائے گی، جبکہ RSF پروگرام کی رقم مختلف اقساط میں پاکستان کو موصول ہوگی۔ EFF کی مدت 37 ماہ اور RSF کی مدت 28 ماہ ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں موجودہ قرض پروگرام کا پہلا جائزہ پیش کیا جائے گا، جس میں پاکستان کی کارکردگی کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان نے پروگرام کے تحت ٹیکس کی شرح، پرائمری بیلنس اور صوبائی سرپلس جیسے اہم اہداف کامیابی سے حاصل کیے ہیں۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیکیج پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے اور مالیاتی استحکام کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارت نے اس اجلاس کو متاثر کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن کامیاب نہ ہونے پر بورڈ میں موجود اپنے نمائندے کو عہدے سے ہٹا دیا۔ آئی ایم ایف کا وفد آئندہ بجٹ سے متعلق بات چیت کے لیے 14 سے 22 مئی تک پاکستان کا دورہ بھی کرے گا۔