واشنگٹن : امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی ممکنہ جنگ میں مداخلت نہیں کرے گا۔ ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ "ایسی جنگ میں مداخلت نہیں کریں گے جس کا ہم سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔"
جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ دونوں ممالک کو کشیدگی کم کرنے کا مشورہ دے رہا ہے، مگر یہ کہنا کہ وہ جنگ روک دیں، امریکہ کا کام نہیں۔ "ایٹمی قوتوں کا ٹکراؤ ہمیشہ تشویشناک ہوتا ہے، مگر امریکہ صرف امن کی ترغیب دے سکتا ہے، زبردستی کچھ نہیں کر سکتا۔"
اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بھی بیان دیا تھا کہ امریکہ دونوں ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشیدگی کا حل سفارتی ذرائع سے نکالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ حکام سے رابطے کیے ہیں اور دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ تنازع کو مزید نہ بڑھائیں۔
ترجمان کے مطابق امریکی سینیٹر مارکو روبیو نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور بتایا کہ امریکہ گزشتہ دو ہفتوں سے پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاک بھارت تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہوئے ہیں، جس پر عالمی برادری کی توجہ مرکوز ہے۔ تاہم امریکہ کے اس اعلان سے واضح ہو گیا ہے کہ واشنگٹن کسی بھی براہ راست مداخلت کے بجائے صرف سفارتی کوششوں پر انحصار کرے گا۔