لاہور: خطے میں بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آئندہ ہونے والی ٹی 20 کرکٹ سیریز کے ملتوی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل یہ سیریز 25 مئی سے 3 جون تک پاکستان میں شیڈول تھی۔
ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی ٹیم کو 21 مئی کو پاکستان پہنچنا ہے، جہاں ابتدائی دو میچز فیصل آباد جبکہ باقی تین میچز لاہور میں کھیلے جانے تھے۔ تاہم موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان مشاورت جاری ہے، اور جلد سیریز کے مستقبل سے متعلق باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حالات میں بہتری نہ آئی تو سیریز کو ملتوی یا کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ میچز بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر متحدہ عرب امارات منتقل کیے جا چکے ہیں، جبکہ فائنل 18 مئی کو کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال نہ صرف کھیلوں بلکہ مجموعی بین الاقوامی روابط پر اثر ڈال رہی ہے، اور اگر تناؤ برقرار رہا تو مستقبل میں دیگر سیریز بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔