اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے مالی سال 2024-25 کے پہلے 10 ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 31 فیصد اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق جولائی 2024 سے اپریل 2025 کے دوران ترسیلات زر 31.2 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں، جو ملکی تاریخ میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس غیرمعمولی اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر کو استحکام ملا ہے اور پاکستانی روپے پر دباؤ میں بھی کمی آئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی سہولت کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات کو آسان، محفوظ اور تیز تر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے۔