لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیک نیوز کے خلاف عملی اقدام اٹھاتے ہوئے پنجاب آئی ٹی بورڈ (PITB) کو چوبیس گھنٹوں میں ایک خصوصی ویب پورٹل تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ویب پورٹل کا مقصد صوبے بھر میں پھیلنے والی جھوٹی خبروں کی روک تھام اور شہریوں کو بروقت، درست اور مستند معلومات کی فراہمی ہے۔ ویب پورٹل پر پنجاب حکومت کے تمام محکمے فوری طور پر اپنی تصدیق شدہ خبریں فراہم کریں گے۔
وزیراعلیٰ کے اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل نے چئیرمین پی آئی ٹی بی کو باضابطہ ٹاسک سونپ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبے میں جنگی یا ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک سپیشل سیکیورٹی فنڈ کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹرنل سکیورٹی فنڈ کے قیام کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کی جائے گی، جس کے تحت حساس صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جا سکے گا۔