لاہور: کنٹرول لائن پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے میچز کو غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر حالات انتہائی خراب ہو چکے ہیں، جہاں 78 بھارتی ڈرونز کی دراندازی اور زمین سے زمین پر میزائل حملوں میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا، تاکہ موجودہ قومی حالات کے پیش نظر کرکٹ سرگرمیوں کو وقتی طور پر روک کر قومی یکجہتی اور سلامتی اداروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جا سکے۔
پی سی بی نے لیگ میں شامل تمام کھلاڑیوں، فرنچائزز، براڈکاسٹرز، اسپانسرز اور دیگر شراکت داروں کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سب کی مدد سے ٹورنامنٹ کی کامیاب میزبانی ممکن ہوئی۔
بورڈ نے مزید کہا کہ وہ مقامی و غیر ملکی کھلاڑیوں کی ذہنی صحت اور ان کے اہل خانہ کے تحفظات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور انہیں وطن واپسی کے خواہشمند افراد کی فکر کو بھی مکمل طور پر سمجھتے ہیں۔
پی سی بی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، ٹورنامنٹ کے شیڈول سے متعلق نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔