روپے کی قدر میں اضافہ، سونا مزید سستا ہو گیا

Pakistan, DOllar, Rupee, Gold Price, State bank
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں قدر میں مزید 18 پیسے اضافے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ساڑھے چھ ماہ کی بلند ترین سطح پر آ گیا جبکہ مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بھی مزید کمی واقع ہوئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 18 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 158 روپے 91 پیسے کی سطح پر آ گیا۔

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی موجودہ قدر ساڑھے چھ ماہ کی بہترین سطح ہے اور 26 اگست کے بعد اس کی قدر میں 9 روپے 52 پیسے (5.6 فیصد) کا اضافہ ہوا۔ 26 اگست کو روپے کی قدر تاریخ کی کم ترین سطح 168 روپے 43 پیسے پر آ گئی تھی۔

اوپن مارکیٹ میں 9 نومبر کو روپے کی قدر میں 50 پیسے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد یہ 158 روپے 80 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی سطح میں 169 روپے تک پہنچنے کے بعد 10 روپے 20 پیسے کمی ہو چکی ہے۔ انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز کے سعد علی کا کہنا تھا کہ ’روپے کی قدر میں حالیہ اضافہ برآمدات، ترسیلات زر میں اضافہ اور روشن ڈجیٹل اکاؤنٹس میں رقوم آنے کے باعث ہوا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قدر میں اضافہ ہوا لیکن پاکستان میں اس کی قیمت میں 700 روپے فی تولہ کمی ہوئی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5 ڈالر کے اضافے کے بعد 1957 ڈالر ہو گئی۔ تاہم اس کے باوجود مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی اور فی تولہ قیمت ایک لاکھ 14 ہزار 600 روپے پر آ گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 600 روپے ہوئی اور یہ 98 ہزار 251 روپے کا ہو گیا۔