Get Alerts

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جی 20 سمٹ میں امریکی نمائندوں کی شرکت سے انکار کر دیا

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جی 20 سمٹ میں امریکی نمائندوں کی شرکت سے انکار کر دیا

واشنگٹن : امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ کسی بھی امریکی حکومتی عہدیدار کو اس سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے جی 20 سمٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر جاری اپنے پیغام میں اس فیصلے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ جی 20 اجلاس جنوبی افریقہ میں ہو رہا ہے، جہاں سفید فام افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کی زمینیں اور کھیت غیر قانونی طور پر چھینے جا رہے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ جب تک جنوبی افریقہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رہیں گی، کوئی امریکی عہدیدار اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔ اس سے پہلے ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ خود جی 20 سمٹ میں شرکت نہیں کریں گے بلکہ نائب صدر جے ڈی وینس کو بھیجنے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم وائٹ ہاؤس نے بعد میں واضح کیا کہ کوئی بھی امریکی نمائندہ جنوبی افریقہ نہیں جائے گا۔

جنوبی افریقہ کی وزارتِ خارجہ نے امریکی صدر کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ افریکنرز کو صرف سفید فام گروہ کے طور پر پیش کرنا تاریخی طور پر غلط ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اس کمیونٹی کے خلاف کسی قسم کی منظم زیادتی یا مظالم کے دعوے حقیقت سے ثابت نہیں ہوتے۔

یاد رہے کہ ٹرمپ نے ماضی میں بھی جنوبی افریقہ پر سفید فام اقلیت کے ساتھ امتیازی سلوک کے الزامات لگائے ہیں، اور ان کی انتظامیہ نے افریکنرز کو پناہ گزین کا درجہ بھی دیا ہے، یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ ان کے خلاف "نسل کشی" ہو رہی ہے۔

ٹیگز: