Get Alerts

اقبالؒ کے افکار پر عمل سے پاکستان فلاحی ریاست بن سکتا ہے ، مریم نواز

 اقبالؒ کے افکار پر عمل سے پاکستان فلاحی ریاست بن سکتا ہے ، مریم نواز

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قوم کو خودداری کا درس دینا علامہ اقبالؒ کا بڑا احسان ہے، اور ان کے افکار پر عمل کر کے پاکستان ایک فلاحی ریاست بن سکتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب اور اہل پنجاب علامہ اقبالؒ کی فکری عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں، کیونکہ اقبالؒ صرف شاعر نہیں بلکہ ایک مصلح اور رہبر تھے۔ انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی کا شعور دیا اور ان کی رہنمائی نے قوم کو ایک واضح سمت عطا کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظمؒ نے اقبالؒ کی رہنمائی میں درماندہ قوم کو آزادی کی منزل کی طرف لے جایا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری نے نوجوانوں کو ایک نئی فکری روشنی دی اور ان کا فلسفہ خودداری ہماری قوم کا قیمتی اثاثہ ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ اقبالؒ کے افکار پر عمل کرنا ہی ان کی حقیقی طور پر قدر کرنے کا طریقہ ہے، اور ان کے فلسفہ پر عمل پیرا ہو کر پاکستان ایک متوازن اور فلاحی ریاست بن سکتا ہے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ اقبالؒ کی شاعری میں خودداری، اعلیٰ اقدار، انصاف پسندی، صاف گوئی اور جمہوریت کا پیغام ہے، اور وہ اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار ہیں جو ہر دور کے لیے زندہ و پائندہ ہے۔ ان کے مطابق، آج ہمیں اقبالؒ کے تصورِ پاکستان کو سمجھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک آزاد، منصفانہ اور عادلانہ معاشی و سماجی نظام قائم کر سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو سیاسی، معاشی، مذہبی اور معاشرتی طور پر دنیا میں ایک ممتاز مقام دلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن علامہ اقبالؒ کے افکار کو اپنی مشعل راہ بنانے کے عزم کو دوبارہ تازہ کرنا ہے۔

ٹیگز: