اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مفکر پاکستان اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبالؒ کی شخصیت اور فکری ورثہ ایک بے مثال میراث ہے جس نے مسلمانانِ ہند میں خودی اور وقار کا جذبہ بیدار کیا۔ وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اقبال کے خواب کی تعبیر ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
یومِ اقبال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ اقبالؒ کا فلسفۂ خودی نوجوانوں کو بلند حوصلہ، غیر متزلزل ایمان اور خود اعتمادی عطا کرتا ہے۔ ان کی شاعری ایک لازوال پیغام ہے جو عمل اور فکر کی طرف رہنمائی دیتی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں اقبالؒ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، اتحاد اور امن کے لیے کام کرنا ہوگا۔ نوجوانوں کے لیے اقبالؒ کے افکار ایک مشعل راہ ہیں، جو انہیں اپنی خودی کو پہچان کر محنت سے پاکستان کے روشن مستقبل کی تعمیر کی ترغیب دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اقبالؒ کے پیغام کو اپنانا ہے۔
آخر میں وزیر داخلہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اقبالؒ کے افکار پر عمل کرنے اور وطن کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کی توفیق دے، آمین۔