نیویارک: اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم خطے میں امن کی بحالی کے لیے نہایت اہم ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ امریکا، قطر، مصر اور ترکیہ کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہیں، جن کی بدولت یہ معاہدہ ممکن ہوا۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں اور تمام یرغمالیوں کو عزت و احترام کے ساتھ رہا کیا جائے۔
سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مستقل جنگ بندی قائم کی جائے تاکہ غزہ میں انسانی المیہ ختم ہو سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انسانی امداد کی ترسیل بلا تعطل جاری رکھی جائے کیونکہ “یہ اذیت اب ختم ہونی چاہیے۔”انتونیو گوتریس نے یقین دلایا کہ اقوامِ متحدہ اس معاہدے کے مکمل نفاذ میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔