کیلیفورنیا: فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ پلیٹ فارم کے الگورتھم اور فیچرز میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ صارفین کو ویڈیوز اور مواد کے انتخاب پر زیادہ کنٹرول حاصل ہو۔
میٹا کے مطابق اب صارفین ریلز ویڈیوز پر “ناٹ انٹرسٹڈ” (Not Interested) کا آپشن استعمال کرتے ہوئے وہ ویڈیوز رپورٹ کر سکیں گے جو انہیں پسند نہیں۔ اس فیچر سے فیس بک کا الگورتھم صارف کی دلچسپی کے مطابق مواد دکھانے کے قابل ہو جائے گا۔
کمپنی نے “سیو” (Save) فیچر کو بھی بہتر بنایا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی پسندیدہ ریلز اور پوسٹس کو آسانی سے ایک جگہ محفوظ رکھ سکیں گے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ اب صارفین کے نیوز فیڈ میں زیادہ تر تازہ ویڈیوز دکھائی دیں گی — یعنی وہ ویڈیوز جو پچھلے 24 گھنٹوں میں اپلوڈ کی گئی ہوں۔ فیس بک ریلز میں اے آئی پر مبنی سرچ تجاویز بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ صارفین اپنے پسندیدہ موضوعات پر مزید مواد دریافت کر سکیں۔
اسی طرح ایک نیا فیچر “فرینڈ ببلز” (Friend Bubbles) بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس سے صارفین دیکھ سکیں گے کہ ان کے دوست کون سی پوسٹس لائک کر رہے ہیں اور وہ براہِ راست اپنے دوستوں کو پیغامات بھی بھیج سکیں گے۔
میٹا کے مطابق یہ تمام تبدیلیاں صارفین کو فیس بک پر زیادہ ذاتی اور دلچسپ تجربہ فراہم کرنے کے لیے کی گئی ہیں۔