Get Alerts

پنجاب میں صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات جاری ہیں، مریم اورنگزیب

پنجاب میں صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات جاری ہیں، مریم اورنگزیب

لاہور : سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور عوام کو جدید، معیاری اور فوری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وہ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز میں سہولیات کو بہتر کیا گیا ہے، جبکہ ماضی میں یہاں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب تھی۔ اسی طرح پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں بھی بہتری کے اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبے بھر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا کینسر اسپتال اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جو کینسر جیسے موذی مرض سے لڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ "کلینک آن وہیلز" منصوبے کے تحت شہریوں کو ان کی دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگ بھی فوری طبی امداد حاصل کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں راتوں رات اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا، تاہم حکومت متاثرہ علاقوں میں بحالی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صحت کی سہولتیں ہر شہری کا بنیادی حق ہیں، اور حکومت اس حق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نئے ادارے اور اقدامات متعارف کروا رہی ہے۔

ٹیگز: