اسلام آباد: سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ بھارت نے حالیہ دنوں میں ایک دہشت گردی کے واقعے کو جواز بنا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق بھارتی افواج نے نہتے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور دفاع کیا۔
انہوں نے کہا ہم اپنی افواج، خصوصاً فیلڈ مارشل، ایئر فورس اور آرمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے دشمن کے دانت کھٹے کیے اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔"
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کچھ ناعاقبت اندیش عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چلتے ہوئے ملکی افواج اور اداروں پر تنقید کرتے ہیں، جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سپوت ملک کی خاطر قربانیاں دیتے ہیں اور انہی کی بدولت ملک میں امن قائم ہے۔
راجا پرویز اشرف نے مزید کہا کہ پاکستان کے ہر قبرستان میں شہداء کے مزارات موجود ہیں، جن پر پاکستانی پرچم لہرا رہا ہے، اور پوری قوم ان قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دشمن نے اگرچہ سیز فائر کا اعلان کیا ہے، لیکن جنگ اب بھی جاری ہے، کیونکہ بھارتی افواج بدستور پاکستانی سرحدوں کے قریب موجود ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی افواج بھی مکمل طور پر چوکنا ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا ہمیں سیاسی اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن جب بات پاکستان کے دفاع کی ہو تو پوری قوم ایک پیج پر ہوتی ہے۔"