اسلام آباد: اسرائیل کی قید سے رہائی کے بعد وطن واپس آنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے جماعتِ اسلامی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے اپنے استعفیٰ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 19 ستمبر کو گلوبل صمود فلوٹیلا کے سفر کے دوران ہی استعفیٰ بھجوایا تھا، تاہم اب تک جماعت کی جانب سے اس پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بعض اوقات تنظیمی حدود آپ کی آزادیِ عمل کو محدود کرتی ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ انسانی حقوق، جمہوریت، آزاد میڈیا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی، فلسطین کے عوام اور وفاقی اکائیوں کے آئینی حقوق کے لیے زیادہ مؤثر اور خودمختار انداز میں جدوجہد جاری رکھیں۔
مشتاق احمد خان کا شمار جماعتِ اسلامی کے سرگرم رہنماؤں میں ہوتا ہے، وہ ماضی میں سینیٹ میں بشری حقوق اور اسلامی نظریاتی امور کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں۔