اسٹیبلشمنٹ نے کہا تھا لانگ مارچ اور استعفوں کی طرف نہ جائیں ان ہاؤس تبدیلی لے آئیں: رانا ثناءاللہ کا دعویٰ

اسٹیبلشمنٹ نے کہا تھا لانگ مارچ اور استعفوں کی طرف نہ جائیں ان ہاؤس تبدیلی لے آئیں: رانا ثناءاللہ کا دعویٰ
سورس: فائل فوٹو

لاہور : مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے پی ڈی ایم کو کہا گیا تھا کہ آپ لانگ مارچ اور استعفوں کی طرف نہ جائیں بلکہ ان ہاؤس تبدیلی لے آئیں لیکن پی ڈی ایم کی قیادت نے اس کو مسترد کردیا۔ 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی بات درست ہے کہ جو آفر بلاول بھٹو زرداری کو ہوئی اور پی ڈی ایم کو بھی ہوئی تھی ۔

رانا ثناءاللہ خان نے مزید کہا کہ ہم پیپلز پارٹی پر تنقید نہیں کرنا چاہتے اور چاہتے ہیں کہ وہ بھی اپوزیشن پر تنقید نہ کرے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کو پیش کش کی کہ وہ پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لے آئے ہم ساتھ دیں گے۔ 

اسی پروگرام میں موجود پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جن اجلاسوں میں ہم نے شرکت کی ہے ان میں ایسی کوئی بات ہوئی اور نہ ہی پیپلز پارٹی کو کسی آفر کا علم ہے۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمن اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو نقصان پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو زرداری نے پہنچایا۔ جو آفر بلاول بھٹو زرداری کے پاس ہے وہ ہمارے پاس بھی آئی تھی لیکن ہم نے قبول نہیں کی ۔