اسلام آباد : وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے انسانی تاریخ کا ایک بھیانک تجربہ جھیلا ہے، تاہم اب ملک دوبارہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہو رہا ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسی قوت کو اقتدار سونپ دیا گیا جس نے کبھی یونین کونسل تک نہیں چلائی تھی، اور یہی فیصلہ پاکستان کی معاشی ترقی کو زمین بوس کرنے کا سبب بنا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے اپنی ہی ہاتھوں سے پاکستان کی گروتھ کریش کر دی"۔
وفاقی وزیر نے چین کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چین جیسے دیرینہ دوست کو کرپشن کے الزامات کا نشانہ بنایا گیا، جس کی وجہ سے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان چھوڑ کر ویتنام جانا پڑا۔ ان کے مطابق، سی پیک میں دنیا بھر کے سرمایہ کار دلچسپی رکھتے تھے، مگر اندرونی خلفشار نے سب کچھ ضائع کر دیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ یکم اپریل 2022 کو پاکستان کے اندرونی ڈیفالٹ کی باتیں ہو رہی تھیں اور لوگ شرطیں لگا رہے تھے کہ پاکستان سری لنکا جیسا کب بنے گا، مگر حکومت نے بروقت اقدامات سے معیشت کو سنبھالا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست اب سوشل میڈیا کا کھیل بن چکی ہے، جو قومی مفادات کے لیے نقصان دہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنجیدہ فیصلے سوشل میڈیا کے ٹرینڈز کی بنیاد پر نہیں کیے جا سکتے۔
وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ حکومت نے "اُڑان پاکستان" کے نام سے نیا پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت ملک کی ترقی، استعداد کار میں اضافہ، اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 2016 میں ہی نیشنل سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس قائم کر کے ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیش رفت کا آغاز کر دیا تھا۔