Get Alerts

ایشیا کپ 2025: ٹرافی کی شاندار رونمائی، تمام ٹیموں کے کپتانوں کی شرکت اور مشترکہ پریس کانفرنس

ایشیا کپ 2025: ٹرافی کی شاندار رونمائی، تمام ٹیموں کے کپتانوں کی شرکت اور مشترکہ پریس کانفرنس

دبئی: متحدہ عرب امارات میں آج سے شروع ہونے والے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی شاندار رونمائی کر دی گئی۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ایشیا کی تمام شریک ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ٹرافی کی رونمائی کی، جس کے دوران میڈیا سینٹر پر بھی خاصی گہما گہمی نظر آئی۔

تقریب کا سب سے دلچسپ لمحہ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے درمیان مصافحہ اور نظریں ملنے کا تھا، جو میڈیا کی توجہ کا خاص مرکز رہا۔بعد ازاں، پریس کانفرنس میں تمام کپتانوں نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔ قومی کپتان سلمان علی آغا نے کہا"بطور ٹیم ہم ایشیا کپ کے لیے تیار اور کافی پرجوش ہیں۔ یہ ہمارے لیے ایک امتحان ہے اور ہم پورے اعتماد کے ساتھ اس چیلنج کو قبول کریں گے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم یو اے ای کی کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہے، اور پی ایس ایل سمیت کئی ٹورنامنٹس میں یہاں کھیلنے کا تجربہ رکھتی ہے۔ پاک بھارت میچ کے حوالے سے سوال پر سلمان کا کہنا تھا:"کوئی خاص ہدایت نہیں ملی، بس اپنی گیم پر توجہ رکھیں گے۔ ٹی 20 فارمیٹ میں کسی کو بھی فیورٹ نہیں کہا جا سکتا۔"
بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ان کی ٹیم بھی ایشیا کپ کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ان کا کہنا تھا:"ہم کافی وقت بعد ٹی 20 ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں۔ اس فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم غیر معمولی کارکردگی دکھا سکتی ہے۔"
افغانستان ٹیم کے کپتان راشد خان نے کہا کہ ان کی ٹیم ہر میچ میں بھرپور محنت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا:"ہم کئی ٹورنامنٹس میں بدقسمت رہے ہیں، لیکن نتائج کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ہمارا ہدف ہر میچ میں 100 فیصد دینا ہے۔"
ایشیا کپ 2025 کا پہلا میچ آج ابوظہبی میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا، جب کہ پاکستان 12 ستمبر کو عمان کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔ پاک بھارت ٹاکرا 14 ستمبر کو شیڈول ہے، جو ایونٹ کا سب سے متوقع اور دلچسپ مقابلہ سمجھا جا رہا ہے۔ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

ٹیگز: