Get Alerts

ملک بھر میں بجلی 1 روپے 79 پیسے فی یونٹ سستی

ملک بھر میں بجلی 1 روپے 79 پیسے فی یونٹ سستی

اسلام آباد/کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری دیتے ہوئے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 79 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

یہ کمی جولائی 2025 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، جس کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) پر ہوگا۔ صارفین کو اس کمی کا فائدہ ستمبر 2025 کے بلوں میں دیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، سی پی پی اے (سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی) نے جولائی کے لیے 1 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی تجویز دی تھی، تاہم نیپرا نے عوامی مفاد میں اس سے بھی زیادہ کمی کرتے ہوئے 1 روپے 79 پیسے فی یونٹ کی منظوری دی۔

اس فیصلے سے بجلی صارفین کو مجموعی طور پر تقریباً 24 ارب 50 کروڑ روپے کا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت بجلی کے نرخوں میں ہم آہنگی لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ای سی سی (اقتصادی رابطہ کمیٹی) اور وفاقی کابینہ نے پہلے ہی ملک بھر کے لیے مشترکہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے نفاذ کی منظوری دے دی تھی۔

ای سی سی نے 19 اگست کو پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری کی منظوری دی، جس کے بعد نیپرا نے ان پالیسی گائیڈ لائنز کا جائزہ لیتے ہوئے یہ فیصلہ جاری کیا۔

اس فیصلے کا مقصد نہ صرف بجلی کے نرخوں میں شفافیت لانا ہے بلکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنا بھی ہے۔

ٹیگز: