Get Alerts

پاکستان کا قطر میں اسرائیلی حملے کی سخت مذمت، عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

پاکستان کا قطر میں اسرائیلی حملے کی سخت مذمت، عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیل کی طرف سے کیے گئے فضائی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور قطر کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی امن کے لیے ایک واضح چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی اپنی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس کے نتائج انتہائی خطرناک ہو سکتے ہیں۔

ترجمان نے پاکستان کی جانب سے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اصولی موقف کو دہرایا اور بلا اشتعال حملوں کے خلاف قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام قطر کے ساتھ متحد ہیں اور اسرائیلی جارحیت ناقابل قبول ہے۔ وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لے اور اسرائیل کو اس کے اقدامات کا جواب دہ ٹھہرائے۔

انہوں نے امیر قطر سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مظلوموں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا اور بین الاقوامی سطح پر ہر فورم پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو اس کے غیر قانونی اقدامات کا جواب دے اور خطے میں امن و سلامتی کو لاحق خطرات کا فوری سد باب کرے۔

ٹیگز: