دبئی: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 71 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی کامیابی میں سپنر نشرہ سندھو نے کلیدی کردار ادا کیا، جنہوں نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 ہانگ کانگ بیٹرز کو پویلین بھیجا۔ فاطمہ ثناء، سعدیہ اقبال اور عائشہ ظفر نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے تھے، یوں ہانگ کانگ کو فتح کے لیے 144 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان کی جانب سے شوال ذوالفقار نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 47 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ عائشہ ظفر نے 26، فاطمہ ثناء نے 24 جبکہ طوبیٰ حسن نے 14 رنز کا اضافہ کیا۔
ہانگ کانگ کی بولنگ میں جولین کور سب سے کامیاب رہیں، جنہوں نے پاکستان کی 4 بیٹرز کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی ٹیم کی اس شاندار فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بھی یقینی ہوگئی ہے۔