ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 4700 ہو گئی، 68 اموات

ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 4700 ہو گئی، 68 اموات
کیپشن: بروز جمعہ ملک میں کورونا وائرس کے مزید 203 کیسز رپورٹ ہوئے اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے آج مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 68 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4670 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 68 ہلاکتوں میں سے خیبرپختونخوا اور سندھ میں 22،22 جب کہ پنجاب میں 18 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ آج بروز جمعہ ملک میں کورونا وائرس کے مزید 203 کیسز رپورٹ ہوئے اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو خیبرپختونخوا اور سندھ سے رپورٹ ہوئیں۔

آج سندھ میں 86 کیسز ایک ہلاکت، پنجاب میں 56 کیسز، خیبرپختونخوا میں 60 کیسز 2 ہلاکتیں اور بلوچستان میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید 86 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ  24 گھنٹوں میں 586 مزید ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے نئے ٹیسٹ میں مزید 86 کورونا میں مبتلا افراد پائے گئے، اس حساب سے کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 1214 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث ایک موت ہوئی جو میرے بہنوئی سید مہدی شاہ کی تھی، اس کے بعد  کورونا کے سبب جاں بحق ہونے والوں کی کُل تعداد 22 ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 358 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں آج کورونا کے مزید 56 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2280 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 18 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔واضح رہےکہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے 39 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔


خیبرپختونخوا میں آج کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز  اور 2 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 620 اور ہلاکتیں 22 ہوگئی ہیں۔

صوبائی وزیر صحت تیمور خان نے صوبے میں ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی۔تیمور خان کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والی 55 سالہ خاتون اور مردان میں ایک 40 سالہ شخص کورونا سے انتقال کرگیا۔

صوبائی وزیر صحت کے مطابق کورونا کے 552 کیسز صوبائی سطح کے ہیں جب کہ 68 زائرین کورونا میں مبتلا ہیں۔تیمور خان نے بتایا کہ صوبے میں اب تک 128 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں آج کورونا وائرس کے صرف ایک کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 220 ہوگئی۔ترجمان صوبائی حکومت لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ ٹیسٹ کی 188 رپورٹس موصول ہوئیں جن میں سے صرف ایک مثبت اور 187 منفی نتائج سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 220 ہے۔

ترجمان کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا سے  2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں آج کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا البتہ جمعرات کو کورونا کے مزید 35 کیسز سامنے آئے تھے۔

اسلام آباد میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 118 ہوگئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر میں بھی آج کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔  جمعرات  کو کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

گلگت بلتستان میں بھی جمعرات کو 2 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 215 تک جا پہنچی ہے۔گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 111 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔