اسلام آباد : گیلپ پاکستان نے عوامی آراء پر مبنی ایک نیا سروے جاری کیا ہے، جس کے مطابق پاکستانیوں کی بھاری اکثریت عالمی تنازعات کے حل اور خطے میں استحکام کے لیے حکومتی کوششوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔ سروے کے مطابق 93 فیصد پاکستانی جنگ بندی کے لیے کی جانے والی تمام سفارتی کوششوں کے پرزور حامی ہیں۔ 80 فیصد شہریوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حالیہ کوششوں سے خطے میں طویل مدتی اور پائیدار امن قائم ہو جائے گا۔
88 فیصد عوام چاہتے ہیں کہ پاکستان عالمی تنازعات میں ایک 'فعال ثالث' (Active Mediator) کا کردار ادا کرے۔سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 72 فیصد پاکستانی حکومت کے حالیہ ثالثی کردار کی بھرپور اور کھلی تائید کرتے ہیں۔ عوام کا ماننا ہے کہ پاکستان کی غیر جانبدارانہ سفارت کاری عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کر رہی ہے۔
44 فیصد شرکاء کا خیال ہے کہ جنگ بندی کے معاہدوں سے مستقبل میں پائیدار امن کے امکانات بہت زیادہ روشن ہو گئے ہیں۔ عوام کی بڑی تعداد نے تشدد کے خاتمے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ گیلپ پاکستان کا یہ سروے ظاہر کرتا ہے کہ پاکستانی قوم نہ صرف امن پسند ہے بلکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کو ایک کلیدی سفارتی کھلاڑی کے طور پر دیکھنا چاہتی ہے۔ عوام کی بڑی اکثریت جنگ کے بجائے مذاکرات اور مصالحت کو ترجیح دیتی ہے۔