کیلیفورنیا: انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرا دیا ہے جس سے فوٹو شیئرنگ ایپ میں کمنٹس کرنے کا عمل مزید بہتر ہو جائے گا۔
میٹا کی زیرملکیت انسٹاگرام کی جانب سے متعارف کرائے گئے اس فیچر کے تحت صارفین اب اپنی پوسٹ کیے گئے کمنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کے بجائے ایڈٹ (ترمیم) کر سکیں گے، اگر ان سے کوئی غلطی ہو جائے۔
کمپنی کے مطابق یہ سہولت صرف 15 منٹ کے اندر دستیاب ہوگی، یعنی صارفین کمنٹ پوسٹ کرنے کے بعد 15 منٹ تک اسے ایڈٹ کر سکیں گے۔
اس دوران کمنٹ کو متعدد بار ایڈٹ کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
فیچر استعمال کرنے کے لیے کمنٹ کے نیچے “Edit” کا آپشن ظاہر ہوگا، جس پر کلک کرکے صارف اپنے کمنٹ میں تبدیلی کر سکے گا۔
اگر کسی کمنٹ میں ترمیم کی جائے گی تو اس کے نیچے “Edited” کا لیبل نظر آئے گا، تاہم دوسرے صارفین کو ایڈٹ کی مکمل ہسٹری دکھائی نہیں دے گی۔
اگر کمنٹ میں ٹیکسٹ اور تصویر دونوں شامل ہوں تو صرف ٹیکسٹ میں ترمیم کی جا سکے گی۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ یہ فیچر انسٹاگرام ریلز پر کیے گئے کمنٹس کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔