اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کے پاس “پلان بی” کی کوئی گنجائش موجود نہیں، اور ہر صورت میں “پلان اے” یعنی امن کو کامیاب بنانا ہوگا۔
برطانوی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگ کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے انتہائی تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق ایک ماہ کی کوششوں کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کی توثیق اور اتفاق کیا ہے، جبکہ ایران کے 10 نکاتی فارمولے کو مذاکرات کی بنیاد کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔ تاہم ان کے مطابق ایران کے بعض نکات پر اب بھی اختلافات برقرار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں بمباری اور خطے میں جوابی کارروائیوں کا سلسلہ رک چکا ہے، اور پاکستان کو امید ہے کہ فریقین کے درمیان اعتماد سازی کے خلا کو جلد پر کیا جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی کے باعث انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے اور عالمی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے۔
نوبل امن انعام کے حوالے سے سوال پر بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ ان کی اولین ترجیح کسی اعزاز کا حصول نہیں بلکہ خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کا قیام ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کے پاس “پلان بی” کا کوئی آپشن نہیں، اس لیے امن ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔